اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے شاہ زیب قتل کے حوالے سے کراچی رجسٹری میں دائر کیس اسلام آباد منگواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کیس کو سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔ عدالت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی کے اس علاقہ کے مکینوں جہاں شاہ زیب کا قتل ہوا تھا، نے عدالت عظمی میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف کرمنل پٹیشن دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے کیس میں سے انسداد دہشت گردی کی شقیں ختم کردی تھیں اور ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا ، شہریوں کی جانب سے دائر پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ بیہمانہ قتل کے واقعہ سے علاقہ میں دہشت کی فضا قائم ہوئی اور اس سے عام لوگوں میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پھیلا۔ پٹیشن کے مطابق دسمبر2012میں مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی قتل کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا جسے عدالت عظمی کے حکم پرپاکستان واپس لایا گیا اور ٹرائل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی گئی تھی کہ کیس سماعت کیلئے منظور کیا جائے،چیف جسٹس پاکستان نے پٹیشن فوری طورپر کراچی رجسٹری سے پرنسپل رجسٹری اسلام آباد ٹرانسفرکیا جائے اور معاملہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔