پشین (جنگ نیوز) پشتونخوامیپ کے چئر مین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اس وقت تمام لروبر افغان اور پشتونخوا وطن آگ وخون کے شعلوں میں جل رہا ہے اور ہماری سرزمین خون آلود ہے ،جب تک افغانستان کو ایک آزاد اور خودمختیار مملکت کے طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا اس وقت تک خطے میں امن وسکون محال ہے ۔ ملک میں جمہوریت ، وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ، وزیر اعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک جمہوری انداز میں ناکام بنائی جائیگی، فاٹا کے حوالے سے ہرفیصلہ وہاں کے عوام کی منشاء ومرضی کے خلاف مسلط نہ کیا جائے، ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کا ما لک بن کر بیٹھا ہے ان سے مذاکرات کی راہ اختیارکی جائے،نواز شریف اور نواب ثناء اللہ زہری کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پشین کے علاقے منزرئی میں حاجی برگیڈمرحوم کی رہائش گاہ پر حاجی عبدالباری اچکزئی کی جانب سے ظہرانے کے موقع پر اجتما ع سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ملک احمد خان بادیزئی اور ان کے ساتھیوں نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔جلسہ سے سنیٹر عثمان خان کاکڑ ، صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال ، سردار مصطفی ترین ، عبید اللہ جان بابت ، سابق سنیٹر عبدالرؤف لالا ، ایم پی اے سید لیاقت آغا ،ملک احمد خان بادیزئی اور دیگر نے خطاب کیا ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عبدالحق ابدال جبکہ قرار دادیں پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان نے پیش کیں ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ ہمارے لئے یہ بات قابل اطمینان ہے کہ پشتونخوامیپ کے ہر رہنماء ہر قسم کے مسائل اور ان کے حل پر مدلل انداز میں بات کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔