• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میںگیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مہم کا پانچواں مظاہرہ، حکام ٹس سے مس نہ ہو ئے، عوام پریشان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مہم کا پانچواں مظاہرہ گلاس فیکٹری چوک میں ہوا، مظاہرین نے حکومت اور محکمہ گیس کے خلاف شدید نعرےبازی کی اور کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ اور لیکچ کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر محکمہ سوئی گیس کے حکام سمیت متعلقہ افراد کیخلاف مقدمات درج کروائیں گے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما ملک ظہیر اعوان نے کہا کہ اتنی شدید سردی میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی مشکل بنی ہوئی ہے جبکہ حکمران جھوٹے وعدوں اور بڑے بڑے دعووں کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کراچی کی طرح راولپنڈی شہر و کینٹ میں پچھلے دس سالوں سے بدترین گیس لوڈشیڈنگ پر سوموٹو ایکشن لیں تاکہ گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں کمروں میں گیس بھر جانے سے دھماکوں سے انسانی جانوں کے نقصان سے بچا جاسکے، حکومت اور محکمہ سوئی گیس کو متنبہ کررہے ہیں کہ فی الفور شہر وکینٹ کے علاقوں سے گیس لوڈشیڈنگ ختم کریں۔ اگر محکمہ سوئی گیس نے روش نہ بدلی تو پھر اگلے جمعہ گلاس فیکٹری چوک میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے اور آخر میں اسلام آباد سوئی گیس آفس کے باہر پورا شہر اور کینٹ کے عوام دھرنے دیں گے اور اس وقت تک نہیں اٹھے گے جب تک گیس لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو جاتی، مظاہرین سے حاجی محمد نصیر بھٹی چیئرمین کونسلر اتحاد، اصلاح الدین خان راہنما تحریک انصاف، مقبول احمد ڈار سینئر نائب صدر لیبر ونگ، شیرولی خان صدر رکشہ یونین، خیرالرحمن خان تاجر راہنما، اکبر خان تاجر راہنما تحریک انصاف نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین