لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر تعلیم سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ جامعات کی بہتری کیلئےآئندہ ہفتے وائس چانسلرز کی میٹنگ بلا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اساتذہ کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد پنجاب یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات میں بھی کھلی کچہری لگائوں گا اور خود جا کر اساتذہ اور طلبہ کے مسائل سنوں گا۔ انہوں نے کہاکہ تمام جامعات میں کرپشن کے حوالے سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور اب بلا امتیاز کارروائی ہوگی ۔ پنجاب یونیورسٹی اساتذہ کے وفد میں لاکالج پنجاب یونیورسٹی کی ڈاکٹر شازیہ قریشی ، کامران عابد ، ڈاکٹر ساجد رشید اور دیگر شامل تھے۔ اساتذہ نے وزیر کو اپنے تحفظات اور مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔