• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی اور گوجرخان میں مصنوعی جنگل اگانے کیلئے دو جگہوں کی نشاندہی

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ضلعی انتظامیہ نے دریائے جہلم پر 640میگا واٹ کے نئے ہائیڈرو پاورپراجیکٹ آزاد پتن کے متبادل کیلئے تحصیل راولپنڈی اور گوجرخان میں مصنوعی جنگل اگانے کیلئے دو جگہوں کی نشاندہی کردی ہے۔جگہ کی نشاندہی نہ ہونے سے تاحال منصوبہ کا افتتاح نہیں ہوسکا۔جس پر چین نے اس منصوبہ کو سی پیک سے نکالنے کا عندیہ دیا تھا۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے سیکرٹری کالونیز بورڈ آف ریونیو کو بھجوائے گئے مراسلہ میں راولپنڈی میں موضع جھاوڑیاں اور بدال میں32سو کنال جبکہ تحصیل گوجرخان کے موضع ڈھوک پناہ،ڈھوک کاکو اور درخیلی خورد میں32سو 72کنال اراضی تجویز کی ہے۔جبکہ آزاد پتن منصوبہ کیلئے محکمہ جنگلات کی4سو 34ایکٹر اراضی کا متبادل درکار ہے۔جب تک متبادل جگہ پر جنگل نہیں لگایا جائے گا ڈیم سائیٹ کے جنگل کے درخت نہیں کاٹے جاسکتے۔جس کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔بورڈ آف ریونیو سے درخواست کی گئی ہے کہ محکمہ جنگلات سے کہا جائے کہ کروٹ پاور پراجیکٹ کی متبادل لینڈ کی طرح آزاد پتن پاور پراجیکٹ کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دی جائےتاکہ ایکوزیشن سمیت دیگر امور پایہ تکمیل تک پہنچائے جاسکیں۔اس حوالے سے کمشنر راولپنڈی ڈویژن ندیم اسلم چوہدری کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ فروری 2017میں متبادل اراضی کیلئے ایک سائٹ کی ایکوزیشن کیلئے سیکشن چار کا نوٹیفکیشن ہوا تھاتاہم بعد میں نامعلوم وجوہات کے باعث اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔کروٹ پاور پراجیکٹ منصوبہ کیلئے پہلے ہی راولپنڈی کے موضع مجاہد میں متبادل جنگل بنایا جارہا ہے۔آزاد پتن پاور پراجیکٹ کمپنی نے بھی اسی کے قریب جگہ کی نشاندہی کا عندیہ دیا ہوا ہے۔
تازہ ترین