رائیونڈ (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ چکوال ضمنی انتخاب کا نتیجہ مخالفین کو جواب ہے ،قوم میرے ساتھ ہے، عوام نے ووٹ کی پرچی سے ثابت کیا مستقبل ن لیگ کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ میں شہباز شریف سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات میں قصور واقعہ، سیاسی صورتحال اور سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امیر مقام بھی سابق وزیر اعظم سے ملے۔ سابق وزیراعظم نے چکوال میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چکوال کی فتح مسلم لیگ ن کے مؤقف کی تائیدہے،چکوال میں فتح سے عوام نے ثابت کردیا کہ عوام کے وزیراعظم آج بھی نوازشریف ہیں۔ دریں اثناءنواز شریف سے مسلم لیگ (ن)خیبر پختوانخواہ کے صدر امیرمقام نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر امیر مقام نے پارٹی قیادت کو صوبے کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر آئندہ کے لائحہ عمل بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر گفتگو کی ۔