کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پورا پاکستان زینب کے قتل پر سراپا احتجا ج ہے،ساری باتوں سے بالا تر ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی،ملزمان کو عبرت ناک سزا ملتے دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کسی درندے کو کسی ماں کی گود اجاڑنے کی ہمت نہ ہوسکے،یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب پر سول سوسائٹی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران کہی،اس موقع پر سٹی کونسل کی اراضیات کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن، فرحت خان، سٹی کونسلر تحسین عابدی اور دیگر منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے،میئر نے کہا کہ زینب کے قتل نے پورے پاکستان کو جگا دیا ہے اور لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے لہٰذا اس واقعہ میں ملوث افراد خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں انہیں مثالی سزائیں ملنی چاہئیں ساتھ ہی والدین کو بھی چاہئے کہ اپنے بچوں کا تحفظ یقینی بنائیں کیونکہ درندے آزاد گھوم رہے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے درندوں کے ساتھ انتہائی سختی سے نمٹیں اور انہیں قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔