راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے انتخابات میں خرم مسعود کیانی واضح اکثریت سے آئندہ برس کیلئے صدر جبکہ راجہ عامر جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے، وکلاء نے نائب صدر کیلئے زاہدہ ایاز اور جوائنٹ سیکرٹری کیلئے جنید احمد نواز راجہ کا انتخاب کیا۔۔ اڑھائی ہزار سے زائد ووٹروں میں 672خواتین وکلاء بھی شامل ہیں۔انتخابات کی وجہ سے بیشتر عدالتوں میں زیرسماعت مقدمات بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوئے، نتائج کے مطابق خرم مسعود کیانی نے 1036ووٹ جبکہ مدمقابل مسعود شاہ 502ووٹ لے سکے، نائب صدر کیلئے زاہدہ ایاز نے 903اور مقابلے میں چوہدری محمد نسیم نے 669ووٹ، جنرل سیکرٹری کیلئے راجہ عامر محمود 773اور فیصل الطاف چوہان نے 677جبکہ تیسرے امیدوار ملک محمد جہانگزیب 146ووٹ حاصل کر سکے، جوائنٹ سیکرٹری کیلئے جنید احمد نواز راجہ نے 957اور عون رضوی نے 658جبکہ فنانس سیکرٹری کیلئے لبنٰی پروین نے 922اور حمزہ عباسی نے 657ووٹ حاصل کئے۔ دریں اثنا ہائی کورٹ وڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر چوہدری توفیق آصف، سابق صدور شوکت رئوف صدیقی وسجاد اکبر عباسی کے علاوہ اسد عباسی، ساجد ستی اور دیگرنے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دی۔