• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں پاکستان کیخلاف کھیل کھیلاگیا، ایسی چیزوں نے ہی مشرقی بازو الگ کیا، احسن اقبال

Todays Print

لاہور؍نارووال (نیوز ایجنسیز؍جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کسی کو بھی جمہوری عمل سے نہیں کھیلنے دیگی، بلوچستان میں پاکستان کے مفاد کیخلاف کھیل کھیلا گیا، ایسی چیزوں نے ہی مشرقی بازو الگ کیا، ملک کا بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ ہر کوئی اپنا کام چھوڑ کر دوسروں پر نظر رکھنا اور اس کا کام کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت کی بجائے 5 اراکین رکھنے والی جماعت کا وزیر اعلی منتخب ہو جانے سے بہت کچھ پتہ چلتا ہے ، جب دشمن آزاد بلوچستان کی مہم چلا رہے ہوں توکیا ایسے میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ان عناصر کا کھیل آسان کرنے کا سبب نہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کیلئے سیاسی استحکام لازم ہے لیکن ہم اب بھی احتجاج اور دھرنوں میں پھنسے ہوئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کسی کو جمہوری عمل سے نہ کھیلنے دیں، اگر سینیٹ کے انتخابات کو سبوتاژ کیا جاتا ہے تو یہ وفاق کے لئے اچھا شگون نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انتخابات میں پانچ ماہ رہ گئے، دھرنوں کی سیاست کیوں کر رہے ہیں، آپ دھرنوں اور احتجاج سے اپنا ایجنڈا کو حاصل کر لیں گے لیکن نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوجائے گا، ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان میں بالغ جمہور یت ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان پاکستان کو دباؤ میں لانے کی سازش ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے سربراہ کا پاکستان سے متعلق حالیہ بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس بیان سے بھارت ایک غیر ذمہ دار ایٹمی قوت ثابت ہوگیا ہے جب کہ بھارتی آرمی چیف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دباؤ میں لانے کی سازش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں ایٹمی صلاحیتیں رکھنے والی قوتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہیں لیکن بھارتی آرمی چیف کے بیان سے بھارت کے ایٹمی اثاثوں پر مزید شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف عدلیہ کا فیصلہ ملک کیلئے مہنگا ترین فیصلہ ثابت ہوا اور اس سے صرف اسٹاک ایکسچینج میں 16ارب ڈالر کا نقصان ہوا ۔ زرداری دور میں میڈیا ہر وقت کروڑوں ،اربوں کے کرپشن کے اسکینڈ لزکی خبریں دیتا تھا لیکن آج اربوں کے ترقیاتی منصوبے شروع ہونے اور مکمل ہونے کی خبریں آرہی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ایک صاحب پاکستان کو نقصان پہنچا کر کینیڈا چلے جائیں گے جبکہ عمران خان اپنا ایجنڈا پورا کرنے کیلئے ان کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ آج قوم کا سوال ہے کہ آپ عوام اورنوجوانوں کامستقبل کیوں تاریک کرنا چاہتے ہیں ۔ اگر سرمایہ کار یہاں سے چلے گئے تو کون انہیں واپس لائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے منفی سیاست کو ناکام کرنا ہے اور استحکام کے ذریعے اقتصادی پالیسیوں کو کامیاب کرنا ہے اور یہ سب کا فرض ہے ۔

تازہ ترین