اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چین کے سفیر یاؤ جنگ نےمسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہٰی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات، باہمی تعاون اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان اور چین میں دو طرفہ مضبوط تعلقات، بھائی چارے اور برسوں کی دوستی کے رشتہ کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دوستی حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کے درمیان ہے اور یہی اس کی پائیداری اور غیر متزلزل بنیاد ہے، چینی سفیر نے پنجاب میں پرویزالہٰی کی حکومت کے دوران فیصل آباد اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کو باالخصوص سراہا،ملاقات میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ، سینیٹر کامل علی آغا، مونس الہٰی، سالک حسین اور رانا خالد بھی موجود تھے،مسلم لیگی قائدین نے چین کی ترقی کو دنیا بھر کیلئے مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں زیرو کرپشن کی چینی مثال کو سامنے رکھنا ہو گا تاکہ قوم کا قیمتی سرمایہ کوئی بھی خورد برد نہ کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک صرف دونوں ملک کے مفاد میں ہی نہیں بلکہ یہ پورے خطہ کے عوام کے مفاد میں ہے۔