راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے نومنتخب عہدیداروں نے پیر کے روز باقاعدہ اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا اس حوالے سے جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں نئی قیادت کو ذمہ داریاں سونپی گئیں بعدازاں ڈسٹرکٹ بار کے صدر خرم مسعود کیانی کی زیرصدارت نئی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں نائب صدر زاہدہ ایاز، جنرل سیکرٹری راجہ عامر محمود اور جوائنٹ سیکرٹری راجہ جنید نواز سمیت دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اس موقع پر کچہری میں تجاوزات، پانی کی عدم دستیابی، صفائی کے ناقص انتظامات اور نامناسب سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، جعلی وکیلوں سے کوئی رعایت نہ ہوگی جبکہ وہ وکلا جن کے پاس چیمبرز نہیں ہیں پہلی فرصت میں ان کا یہ بنیادی مسئلہ کریں گے۔ اس موقع پر ملک میں آئین اور قانون کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے ملکی حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر بار خرم مسعود نے کہا کہ سیاستدان سرحدوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی توانائیاں ملک وملت کو متحد کرنے پر صرف کریں، اجلاس میں قصور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنائے جائے۔