کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ورلڈ ہاکی الیون کے درمیان کراچی میں جمعے کو کھیلے جانے والے میچ سے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی بحال ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں پی ایچ ایف نے غیر ملکی کھلاڑیوں کا با اضابطہ اعلان کر دیا۔ پاکستان کے سہیل عباس بھی ورلڈ الیون میں شامل ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہارپی ایچ ایف کے نائب صدر طارق ہدیٰ نے منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق اولمپئن اصلاح الدین ،ایم ذاکر، بدر رفاعی اور اولمپئن افتخار سید بھی موجود تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جن پاکستانی سابق عظیم کھلاڑیوں کو اس بار ہال آف فیم میں شامل نہیں کیا گیا اگلی بار انہیں بھی شامل کیا جائے گا۔ ہال آف فیم میں پاکستان کے چھ جبکہ پانچ غیر ملکی جن میں ہالینڈ کے پال لٹجنس، جون بوویلنڈر، جرمنی کے کرسچیان بلانک، اسپن کے جان اسکارے اور آسٹریلیا کے ڈون پرائر، اصلاح الدین ، سمیع اللہ، حسن سردار، شہناز شیخ ، اختر رسول اور شہباز سینئر شامل ہیں ۔ ورلڈ الیون کے16 کھلاڑیوں میں ہالینڈ کے روب ریکسر، روڈرک ویوستھوف، میتجس بروور، ہیدی ترکسترا اور فلپ میولروبوک، نیوزی لینڈ کے فلپ بروور اور کائل پونٹی فیکس، اسپین کے سانتی فریکسی، روک اولیوا اور ڈیوڈ الگارے، آسٹریلیا کے گرانٹ شوبرٹ، جرمنی کے بینی ویس اور جسٹس شیروسکی، ارجنٹائن کے آگسٹن بوگالو، نیہول سالس اور ڈیاگو پاز شامل ہیں۔ بدر رفاعی نے بتایا کہ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد بدھ کی رات تک مکمل ہوجائے گی ۔شیڈول کے مطابق جمعرات کی شام ورلڈ الیون کے کھلاڑی ہلکی پھلکی پریکٹس کے ساتھ ساتھ میڈیا سے بات چیت بھی کریں گے جبکہ ہال آف فیم کی تقریب بھی جمعرات کی شام کو ہوگی ۔ جمعہ کو گورنر سندھ سے ورلڈ الیون کی ملاقات ہوگی جبکہ شام کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں پہلے میچ سے قبل میوزیکل شو بھی ہوگا اور ٹیمیں لاہور چلی جائیں گی جہاں دوسرا میچ اتوار کی شام کو کھیلا جائے گا ۔دونوں میچوں کے لئے کم قیمت ٹکٹ رکھے گئے ہیں۔دریں اثناورلڈ ہاکی الیون کے ہال آف فیم میں شامل دو کھلاڑی اور ٹیم کے منیجر منگل کو کراچی پہنچ گئے ائیر پورٹ پر سابق کپتان اصلاح الدین، افتخار سید اور دیگر نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ ماضی کے مشہور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ پال لیجن اور روب لاتھیورز اور سلطان احمد کراچی پہنچ گئے ۔ ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پال لیجن نے کہا کہ کئی سالوں بعد پاکستان آنے پر خوشی محسوس کررہا ہوں۔ 37 سال بعد پاکستان آیا ہوں میرا ریکارڈ توڑنے والے سہیل عباس سے ضرور ملوں گا۔ کراچی میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی یادیں تازہ ہوجائیں گی۔