راولپنڈی(نمائندہ جنگ)راولپنڈی کے ایک بینک کے متعددصارفین کی رقوم کراچی سے نکلوالی گئیں۔ذرائع کے مطابق ہیکرز نے مختلف افرادکے اے ٹی ایم کارڈز ہیک کر کے ان کی رقم نکالی اور ٹرانزیکشن کراچی سے ہوئی۔بتایاجاتاہے کہ راولپنڈی کینٹ کے ایک بینک کے متعدد کسٹمرزنے بنک انتظامیہ سے رابطہ کرکے شکایات درج کرائی ہیں کہ ان کے اکاؤنٹس سے رقوم نکلی ہیں۔بعض متاثرین کاکہناہے انہیں بنک کی جانب سے مطلع کیاگیاہے کہ اے ٹی ایم استعمال کرنے والے متعدد صارفین کا ڈیٹا یکم جنوری کو ہیک کیا گیا۔اوراس حوالے سے بینک کے اعلی افسران نے اسٹیٹ بینک سے بھی مدد طلب کی ہے۔ادھرایس ایچ اوتھانہ کینٹ ملک طاہرنے جنگ کے رابطے پربتایاکہ ان سے تاحال اس حوالے سے کسی نے رابطہ نہیں کیااوران کے پولیس سٹیشن میں اس بارے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی انہیں بھی میڈیاپرچلنے والی رپورٹس کے ذریعے معلوم ہواہے کہ ایساکوئی واقعہ پیش آیاہے۔