سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کے مختلف علاقوں میں جوئے کے اڈوں پر چھاپے، 21جواریوں اور ڈیلرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل، نقدی و دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور بڑی حد تک ان معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کرنے میں پولیس نے موثر کردار ادا کیا ہے۔گزشتہ شب شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، اس دوران 21جواریوں اورپرچی جوا کے ڈیلروں جن میں امین، نیاز، آصف، عبدالحمید، حیدر علی، نوید علی، مظفر، شہباز، علی بخش، سعید احمد، امان اللہ، امداد علی، فیروز، دادن، وحید علی،رفیق، بلاول، عابد، الیاس، شہزاد، لال بخش شامل ہیں کو گرفتار کرکے تھانہ سی سیکشن اور تھانہ نیوپنڈ میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ شہر سمیت ضلع بھر میں جوئے ،منشیات اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔جبکہ تمام تھانہ انچارجز کو بھی واضح طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں جوا، فحاشی اور منشیات کے اڈ وں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں ، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں خفیہ طور پر بھی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تمام تھانوں کی حدود میں کام کررہی ہیں اور اگر کسی بھی جگہ کوئی معاشرتی برائی دکھائی دے تو اس کا فوری قلع قمع کرنے کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو طلب کیا جاتاہے جو متعلقہ تھانے کی حدود میں کارروائی کرتی ہے۔پولیس کا مقصد ضلع بھر کو جرائم کے ساتھ ساتھ ان معاشرتی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے جس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔