موناکو( جنگ نیوز ) عظیم ٹینس پلیئر راجر فیڈرر کھیلوں کے عالمی ایوارڈ لوریئس میں دو نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ کھیلوں کے آسکرز کہلانے والے ایوارڈز کی تقریب 27فروری کو ہوگی۔ اس موقع پر مختلف کیٹگریز میں دنیا بھر سے صحافی کھلاڑیوں کو ایوارڈز کیلئے ووٹنگ کے ذریعے منتخب کرینگے۔ فیڈرر کو سال کے بہترین کھلاڑی اور کم بیک کرنے والے بہترین کھلاڑی کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ فیڈرر یہ ایوارڈ پہلے بھی4 بار جیت چکے ہیں۔ سال کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو، 10000 اور 5000 میٹر دوڑ کے عالمی چیمپئن محمد فراح، 4 بار کے ٹور دی فرانس کے فاتح كرس فروم، فارمولا ون چیمپئن لیوس ہیملٹن اور رافیل نڈال بھی شامل ہیں۔ خواتین میں ٹینس پلیئر گاربین مگروزا، آسٹریلین اوپن فاتح سرینا ولیمز،آسٹریلین پیراک کیٹی لیڈیکی کے نام شامل ہیں۔