اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران فرعون بن گئے ہیں،عوام کے ووٹوں سے ملک میں اسلامی انقلاب لائیں گے،اسٹیٹس کو توڑنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے ،جماعت اسلامی کی حکومت میں تعلیم اور علاج مفت ہوگا، ملک خطرات میں گھرا ہوا جبکہ حکمران توبہ کرنے کی بجائے مخلوق خدا پر حکم چلانے کے لیے فرعون بنے ہوئے ہیں ۔ زینب جیسی بیٹیاں اگر درندگی کا نشانہ بن رہی ہیں اور انہیں قتل کر کے کوڑے کے ڈھیروں پر پھینکا جارہاہے تو اس کے اصل مجرم حکمران ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت کی مجلس شوریٰ کے تین روز ہ اجلاس کے آخری سیشن اور مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں اور عوام کے درمیان زمین و آسمان کے فاصلے ہیں حکمران خود کو آسمانی مخلوق اور عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں اگر حکمران زینب ، شریفاں بی بی اور عطیہ کو اپنی بیٹیاں سمجھتے تو انہیں اس طرح درندگی کا نشانہ نہ بنایا جاتا ۔ حکمرانوں کے ایجنڈے میں عوام کے جان و مال کی حفاظت سرے سے موجود ہی نہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہم اسٹیٹس کو کو توڑنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔