راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)نوعمراسیروں کے لئے راولپنڈی میں الگ جیل بنائی جائے گی۔جب کہ راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ جیل کے قیام کے لئے صوبائی حکومت نے 8کروڑروپے جاری کردئیے۔ پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن نویدرؤف نے ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کونوعمراسیروں کی مجوزہ جیل کی تعمیرکے لئے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تین مقامات تجویزکئے ہیں جن میں سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سےمنتخب کی جانے والی جگہ پرنوعمراسیروں کے لئے نئی جیل تعمیر کی جائے گی، ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن چودھری نویدرؤف نے بتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف نے جیلوں میں بندنوعمراسیروں کے مسائل کومدنظررکھتے ہوئے صوبے کے تمام ریجنل ہیڈکوارٹرزمیں نوعمراسیروں کے لئے الگ جیلیں قائم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جن کی روشنی میں راولپنڈی ریجن میں بھی نوعمراسیروں کے لئے الگ سے جیل بنائی جارہی ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کوروات،چک بیلی خان اورگورکھ پورمیں مجوزہ جیل کے لئے تین سائیٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے پروپوزل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کوبھجوادی گئی ہے کہ ان میں سے کوئی ایک جگہ مجوزہ جیل کی تعمیرکے لئے پنجاب جیل خانہ جات کے حوالے کی جائے۔۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے مزیدبتایاکہ کہ نیوڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زمین کاقبضہ ملتے ہی اس پرتعمیراتی کام شروع کرادیاجائے گا۔