کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد کر کے دہشت گردی کو شکست دے دی ہے ، کرکٹ اور ہاکی کے بعد دیگر کھیلوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی ۔ پی ایس ایل کا فائنل بھی کراچی میں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھر پور تعاون کیا جائے گا ، حکومت کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرے گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے سیریز میں شکست پر بہت زیادہ غم و غصہ کا اظہار نہیں کرنا چاہئے ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے ہمیں قومی ٹیم ک سپورٹ کرنا چاہئے۔ کوشش کی جائے کہ غلطیوں سے سبق سیکھا جائے ،ٹی20سیریز میں قومی ٹیم کم بیک کرے گی ۔ ہاکی ورلڈ الیون بھی پاکستان آئی ہے ملک میں ہاکی کے میدان آباد ہو رہے ہیں ۔ اس سے دنیا بھر میں پاکستان کی جانب سے مثبت پیغام جائے گا۔