قصور( نمائندہ جنگ ) پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تا حال زینب کے ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہیں ،ملزم کی عدم گرفتاری پر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خوف سے ڈی پی او قصور نے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی اور وہ اپنی توانائیاں ملزم کی گرفتاری پر صرف کرنے کی بجائے عوامی حلقوں کو ’’ رام‘‘ کرنے میں لگ گئے ہیں اسی سلسلے میں انہوں نے گزشتہ روز نیا بازار قصور کا باقاعدہ دورہ کیا اور ڈور ٹو ڈور تمام تاجروں سے ملاقات کی جبکہ عوامی حلقوں نے آئی جی اور وزیر اعلٰی پنجاب کو معصوم زینب سمیت زیادتی کا شکار اور قتل ہونے والی تمام بچیوں کے ملزمان گرفتار کرنے کامطالبہ کر دیا اس سلسلے میں جب پی آر او ٹو ڈی پی او قصورسے رابطہ کیا گیا تو اس نے ان الزامات کی تردید کی، پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے ڈی پی اوقصور نے شہر قصور میں امن وامان کے قیام کویقینی بنانے کیلئے شہر قصور کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا، انجمن تاجراں شہر قصور کے عہدیداران، امن کمیٹی کے ممبران،سول سوسائیٹیزاوردیگر شہریوں سے بھی ملاقاتیں کیں، اس موقع پرڈی پی اوقصور نے زینب قتل کیس میں پولیس کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سفاک ملزم کی گرفتار ی کیلئے پولیس کا ساتھ دیں تا کہ انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے ، دریں اثناء انہوں نے اپنے آفس میں ایس ایچ او زکیساتھ کرائم میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ شائستہ رویہ اختیارکریں کسی بھی زیادتی پر قصور وار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ،ناجائز حراست،اخفاء جرائم ،جھوٹے مقدمات کا اندراج اور تھانوں میں کرپشن کی معمولی شکایت کوبھی قطعاًبرداشت نہیں کیا جائے گا ،اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ اور دوسرے افسران بھی موجود تھے۔