خیرپور(بیورورپورٹ) مختلف حادثات میں ایک شخص جانبحق 8 افراد زخمی، کوٹڈیجی کے قریب چوری کی تین وارداتیں، ٹنڈو مستی کے قریب بھتہ خور ملزمان نے زمیندار کے کھجور کے باردانے میں آگ لگا دی، تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ پپری موڑ قومی شاہراہ پر ہوا جہاں کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں ٹریکٹر پر سوار ڈرائیور غلام سرور کوری جانبحق ہو گیا جبکہ تین بس مسافر زخمی ہو گئےجبکہ کمال ڈیرو میں ایک شخص عبدالحکیم بھنڈ کھجور کے درخت سے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ دریں اثناء گوٹھ فقیر آباد میں پاگل کتے نے 16 سالہ مزمل بھٹی پر حملہ کر کے اس کو زخمی کر دیا علاوہ ازیں کنب روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے ٹکرانے سے تین افراد زخمی ہو گئے زخمیوں میں بخش علی سوڈھڑو منور علی جونو اور خاد م علی جونو شامل ہیں دریں اثناء کوٹڈیجی کے قریب گوٹھ عارب سولنگی میں نامعلوم چور دکاندار میر محمد سولنگی کی دکان کی چھت توڑ کر دکان سے ہزاروں روپے مالیت کا سامان اور 20 ہزار روپے چوری کر کے لے گئے۔ دریں اثناء گوٹھ محمد رمضان بھٹی میں نا معلوم چور ایک عورت مسمات امام زادی بھٹی کے گھر میں داخل ہو کر ان کے طلائی زیورات اور دیگر گھریلو سامان چوری کرلے گئے۔ علاوہ ازیں کنب کے قریب نا معلوم چور دیہاتی علی مراد ڈکھن کے گھر میں داخل ہو کر ان کے گھر سے ایک گائے دو بکریاں اور 10 ہزار روپے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ دریں اثناء ٹنڈو مستی کے قریب گوٹھ مرید حیدر میں بھتہ خور ملزمان زمیندار اللہ بخش میتلو کے کھجور کے باردانے میں آگ لگا کر فرار ہو گئے زمیندار کے مطابق ان کے کھجور کے باردانے میں بھتہ خور ملزمان نے آگ لگائی جس سے ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا واضح رہے کہ خیرپور کے مختلف علاقوں میں کچھ عرصے سے بھتہ خور ملزمان کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔