تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عدلیہ اور پارلیمنٹ کا احترام ہم سب پر لازم ہے ،آج کی سیاست میں جو لب ولہجہ متعارف کرایا گیا ،اس پر افسوس ہوتا ہے ۔
پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت 4مقدمات میں عبوری ضمانت کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مقدمات سے عدلیہ پر غیر ضروری مقدمات کا بوجھ بڑھتا ہے ، سابق صدر آصف زرداری نے پنجاب میں نئے صوبے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔
شاہ محمود قریشی نے خدشہ ظاہر کیا کہ سینیٹ الیکشن میں کچھ قوتیں کارروائیاں کریں گی جس سے پورا نظام آلودہ ہوگا ،جس پارٹی کی صوبے میں ایک نشست نہیں وہ 6سینیٹرز کیسے لائےگی ؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خریدو فروخت کی سیاست اور ہارس ٹریڈنگ ہماری سیاست کے لیے بدنما داغ ہے ۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سنجیدہ سوچ رکھنے والے آج کل ٹاک شوز میں جانے سے کتراتے ہیں، کیونکہ وہاں آج کل دوسروں کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں۔