اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ تاحیات نااہلی کو سپریم کورٹ نہیں صرف پارلیمنٹ ہی ختم کرسکتی ہے، اسفند یارولی کیس میں 14 ججوں کا فیصلہ اسکی عدالتی نظیرہے، ن لیگ اورمریم عدالت پر دباو ڈال کرنااہلی کی میعاد کو انتہائی کم کروانا چاہتی ہیں، اس کیس میں سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کوتجویزکیا کہ نیب کے تحت نااہلی مدت 21 سال سے 10 سال کی جائے اورپارلیمنٹ نے اسے 10 سال کیا، کیا اب بھی سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو رائے دے سکتی ہے۔ بدھ کو اعتزاز احسن نے نوازشریف کی نااہلی کی مدت کے معاملے پر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اورمریم گروپ کی کوشش ہے کہ عدالت پراتنا دباو ڈالو کہ ان کے حق میں فیصلہ آئے، حدیبیہ اور اورنج ٹرین فیصلوں کے بعد ان کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بعد انکے چھوٹے چھوٹے ساتھی بھی عدلیہ پر براہ راست حملے کررہے ہیں، طلال چوہدری نے بھی کہا کہ یہ پی سی اوججزہیں، طلال چوہدری ان ججزکوپی سی او قرار دے کر ہٹانے تک کی بات کررہے ہیں۔