• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سازشی عناصر ہوش کے ناخن لیں، ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، محمود اچکزئی

کوئٹہ(آن لائن) پشتونخوامیپ کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اس ملک میں پشتون کسی کا غلام نہیں ، ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے پشتون قوم دہشت گرد اور نہ فرقہ پرست ہے پشتونوں کی سر زمین کو دہشت گردوں کا اڈہ بنا یا گیا ہے۔ پشتون مہمان نواز اور بہادر قوم ہے۔ فاٹا میں آج تک ملک کے لئے مردہ باد کے نعرے نہیں لگائے گئے پشتون اچھے اور برے کی تمیز جانتے ہیں وقت آنے پر ضرور حساب لیا جائے گا۔قبائلی جرگے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے وطن کو جو بھی بری نظر سے دیکھے گا تو اس کا انجام بھی برا ہو گا۔ ہمیں اپنا وطن بہت عزیز ہے اور اس کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے کوئی نہ سمجھے کہ وہ ہم سے غلاموں جیسا رویہ رکھے گا ان حالات میں ہم کبھی کسی کی بالادستی قبول نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خاموشی کو کمزور ی نہ سمجھا جائے پشتون کسی سے خیرات نہیں مانگتے جو نعمتیں ہماری سر زمین پر ہیں اس پر کسی کو بھی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے اور نہ کسی کی قبول کرینگے پشتونوں کی روایت ہے کہ نہ وہ دوسروں کے ساحل ووسائل پر قبضہ کر تے ہیں اور نہ ہی دوسروں کو اس بارے میں اجازت دیتے ہیں کہ وہ ہماری سرزمین پر قبضہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے یہ سمجھایا کہ اگر اپنی عزت وقدر جاننا چا ہتے ہو تو دوسروں کی قدر کیا کروں، کسی کی زمین اور گھر پر قبضہ نہیں کرینگے اور اپنا حق دوسروں کو بھی نہیں دینگے جو لوگ ہمارے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں وہ ہوش کے ناخن لیں یہ ملک ہمارا ہے اور اس ملک کے لئے تمام قوموں سے زیادہ قر بانیاں پشتونوں نے دی ہیں آج بھی اگر ملک بحرانوں سے دوچار ہے تو یہ ان قوتوں کی وجہ سے جنہوں نے ایک منصوبے کے تحت ایسے حالات پیدا کئے ۔انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ایک سیاسی اور جمہوری جماعت ہے اور اکیسویں صدی جمہوریت کی صدی ہے اصلاحات کا حق فاٹا کے عوام کو حاصل ہے باہر کے لوگوں کو کون فاٹا وزیرستان میں لایا اور دہشت گردوں کی آماہ جگا بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور وزیرستان میں سینکڑوں سیاسی وقبائلی عمائدین اور علماء کو نشانہ بنایا گیا لیکن کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ، آج تک فاٹا میں کسی نے بھی پاکستان مردہ باد کے نعرے نہیں لگائے جن لو گوں نے مردہ باد نعرے لگائے ہیں ان کو تو ناراض بھائی کہتے ہوں مگر فاٹا کے عوام کو آج تک محب وطن تسلیم نہیں کیا ہے ۔
تازہ ترین