سوات کی حسین وادی کالام کی اسنو جیپ ریلی میں ماہر ڈرائیوروں نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرکے سب کو حیران کردیا۔
پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سطح سمندر سے ساڑھے 8ہزار فٹ کی بلندی پر واقع جنت نظیر وادی کالام میں اسنو جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں ملک بھر سے 42ڈرائیوروں نے حصہ لیا ،ڈرائیوروں کوسنگلاخ راستوں اور برف میں 7کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا، جس میں اُنہوں نے خوف کی پرواہ کئے بغیرجیپیں دوڑائیں۔
ریلی کے اختتام پر ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ ٹریک بہت سخت تھا، برف بھی تھی اور گا ڑی کنٹرول نہیں ہو ئی، جب تک صحیح ٹائرز نہ ہو تو مشکل ہے ، تاہم بڑا مزہ آیا۔
ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ انہیں جیپ ریلی بہت اچھی لگی، اور انہوں نے اپنے کہا کہ ہم سب خوش قسمت ہیں جو جیپ ریلی انجوائے کر رہے ہیں۔
مقابلہ تین حصوں پر مشتمل تھا، جس میں کالام کے ملک امیر سید نے کٹیگری اے میں 7 کلومیٹر کا فاصلہ 5 منٹ میں طے کرکے میلہ لوٹ لیا، کالام ہی کے جاوید کالامی نے کٹیگری بی میں لوہا منوایا تو کٹیگری سی میں پشاور کے فضل احمد بازی لے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاک فوج کے کرنل ایاز ولی ،آرگنائزراسدمروت اور سعد عباسی تھے جنہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیوروں میں انعامات تقسیم کئے، ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی جیپ ریلی کے مقابلوں اور حسین مناظر کو دیکھنے کے لیے موجود تھی۔