تخت بھائی‘مردان ( نمائندہ جنگ‘نامہ نگار ) گوجر گڑھی کی کم سن بچی عاصمہ کے قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف اے این پی ضلع مردان کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنادیاگیا،مین ملاکنڈ روڈ کو گوجر گڑھی چوک کے مقام پر کئی گھنٹے تک بند رکھا گیا ، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی ضلع مردان کے صدر و ناظم اعلیٰ حمایت اللہ مایار ایڈوکیٹ، خیبر پختونخوا کے نائب صدر جاوید یوسفزئی، ضلع مردان کے نائب صدر محمد ایوب یوسفزئی، جنرل سیکرٹری حاجی لطیف الرحمان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید مصری باچا اور دیگر نے کہا کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے افتخار علی مشوانی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسماء قتل کیس کا رخ موڑ نا چاہتے ہیں جبکہ غم زدہ خاندان کے افراد اور گائوں کے دیگر معززین کو پولیس کے ذریعے دبائومیں رکھ کر خوف و ہراس کی فضاء قائم کی جا رہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ پولیس متاثرہ خاندان کو مزید ٹارچر کرنے سے باز رہے اور فوری طور پر ملزم کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے لایا جائے۔