گلاسگو (طاہر انعام شیخ) خیبر پختوانخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی قیادت میں ایک آل پارٹیز پارلیمانی وفد نے سکاٹ لینڈ کا دورہ کیا اور سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن ، انٹرنیشنل افیئرز کے وزیر حمزہ یوسف، وزرا اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور تعلیم ، صحت ، انرجی ، سیاحت اور بلدیاتی نظام میں تعاون وغیرہ کی کئی معاہدوں پر بات چیت کی۔ وفد میں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی ، وزیر صحت ، شہرام خان، اینٹی کرپشن پر پارلیمانی سیکریٹری حیدر علی خان، وزیرتعلیم عاطف خان، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر خالد خان، نگہت اورکزئی، انیسہ زیب ایم پی اے وغیرہ شامل تھے، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک بھی وفد میں شامل تھے، لیکن چار سدہ میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد وہ اور مولانا لطف الرحمٰن فوراً واپس پاکستان چلے گئے، وفد کے اعزاز میں قونصل جنرل آف پاکستان سید احسن رضا شاہ نے قونصلیٹ میں ایک ظہرانہ دیا جہاں چارسدہ کے شہدا کے لئے چوہدری صابر علی نے فاتحہ خوانی کی، وفد نے برٹش کونسل کے تعاون سے گلاسگو یونیورسٹی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔جہاں ایک امپلی مینٹیشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیاجو خیبر پختونخوا میں ایک نالج ویلج کے قیام اور وہاں سکاٹش یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے کےسلسلہ میںمعاملات کو آگے بڑھائے گا، وفد نے گلاسگو میں سکاٹش ایجوکیشن سنٹر اور پاکستانی آبادی والے علاقے پولک سٹیلڈ کے ایک پرائمری سکول کا بھی دورہ کیا۔ سکاٹ لینڈ کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری رمضان پرویز نے وفد کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا۔ اسد قیصر نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کررہی ہیں اس وقت پوری قوم کو تمام فروعی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ان سازشوں کا متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی پارٹیاں اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد اور پرعزم ہیں اور انشاء اللہ ہم اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر ملک کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخو میں اس وقت دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑی جارہی ہے۔ اس کے باوجود ہم اپنے صوبے کو ایک مثالی صوبہ بنا رہے ہیں۔ ہم نے یکساں نظام تعلیم نافذ کردیا ہے اور تعلیم پر بجٹ کا 28فیصد خرچ کررہے ہیں۔ وزیراطلاعات مشتاق غنی نے کہا کہ ہماری حکومت فسادیوں، غنڈوں، چوروںاور ڈاکوئوں کے خلاف نہ صرف بے رحمانہ احتساب کررہی ہے، بلکہ یہ شفاف بھی ہے جس کی زد میں خود ہماری حکومت کے دو وزراء آچکے ہیں۔ پولیس کو مکمل طور پر خود مختار کردیا گیا ہے وزیراعلیٰ اور سپیکر بھی اپنے علاقے کے تھانیدار کا تبادلہ نہیں کرواسکتے۔ مجرموں کو بلا تفریق ا نصاف کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے۔ہماری حکومت نے اس سال ڈھائی ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ کرپشن پر پارلیمانی سیکریٹری حیدر علی خان نے بتایا کہ ہم نے صورتحال میں بہتری پیدا کرنے کیلئے تقریباً 90 کے قریب نئے قوانین بنائے ہیں۔ شعیب گل اور ظفر اللہ نے بتایا کہ سکاٹ لینڈ کے لوگوں نے 30لاکھ روپے کی لاگت سے خیبر پختونخوا میں غریب بچوں کیلئے جو سکول بنایا تھا اس نے کامیابی کے ساتھ کام شروع کردیا ہے۔شعیب گل نے اس پراجیکٹ میں خصوصی تعاون پر میاں علی احمد صوف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں تحریک انصاف سکاٹ لینڈ کے صدر فاروق شیخ بھی شریک ہوئے۔