اسلام آباد(صالح ظافر)معروف قانون دان سینیٹر بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نظر انداز کیے جانے پر اپنے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، سیاست میں دھمکیاں کام نہیں آتیں ،بطور وزیرچار روز کا وعدہ کر نے کے باوجود وہ نیوز لیکس پر رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہے اب اگر وہ نیوز لیکس شائع کربھی دیتے ہیں تو کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ہفتے کی شام دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئےاعتزاز احسن نے کہا کہ چوہدری نثار علی کی حالت قابل رحم ہے انہیں چھوڑ دیا گیا ہے اور وہ اب جا کر فوج کے قدموں میں بیٹھ گئے ہیں جبکہ مریم نواز اپنے باپ کے قدموں میں بیٹھی ہیں اعتزاز نے مزید کہا کہ مریم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر ممکن طریقے سے وہ اپنے والد کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں دوسری جانب مریم نواز کو پارٹی کارکنان اور رہنمائوں کی جانب سے مکمل عزت و احترام دیا جا رہا ہے جبکہ لیگی کارکنان اور رہنما نہایت دلچسپی کے ساتھ دیکھ رہے ہیں کہ مریم نہایت جرات مندانہ انداز میں اس مشکل وقت میں اپنے والد کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں جبکہ پرانے ساتھی چوہدری نثار علی مشکل وقت میں میاں نواز شریف کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر اعتزاز احسن نے کہا کہ چوہدری نثار اپنی وزارت داخلہ کے دور میں چار روز کا وعدہ کر نے کے باوجود نیوز لیکس پر رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہے اب اگر وہ نیوز لیکس شائع کربھی دیتے ہیں تو کوئی نمایاں فرق نہیں پڑے گا۔