• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ احسن اقبال کی برطانوی وزیر مملکت برائے انصاف سے ملاقات

لندن (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ احسن اقبال نے گزشتہ روز برطانوی وزیر مملکت برائے انصاف ڈیوڈ گائوکے سے ملاقات کی اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے پروگرام کو دوبارہ فعال بنانے پر بات کی اس حوالے سے احسن اقبال پاکستانی قیدیوں کے اہل خانہ کو پوری صورت حال سے بروقت آگاہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے پراسیکیوشن کے عمل میں بھی باہمی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔ احسن اقبال نے پراسیکیوشن کے معاملے میں برطانیہ کے طریقہ کار کی اچھی باتوں سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا انھوں نے پاکستان میں پراسیکیوشن کے طریقہ کار میں اصلاحات کیلئے دونوں ملکوں کا مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی، جس پر ڈیوڈ گائوکے نے اتفاق کیا۔ انھوں نے برطانوی وزیر کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب جنگ اور اس کے بہترین نتائج سے آگاہ کیا۔ برطانوی وزیر نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان میں ہونے والی پیش رفت کی تعریف کی دونوں فریقوں نے انصاف اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔ لندن میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین