اسلام آباد(رپورٹ:مہتاب حیدر) سابق وفاقی وزیر خزانہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے آئندہ سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دو نشستوں کیلئے ان کے علیحدہ کاغذات نامزدگی بینک اکائونٹ اور قومی کمپیوٹرائز شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ نقل فراہم نہ کرنے پر مسترد کئے گئے، صوبائی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ان کے کاغذات نامزدگی ٹیکنو کریٹ اور عام نشستوں کیلئے مسترد کئے گئے، لندن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وہ صوبائی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کریں گے کیونکہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت دو علیحدہ نشستوں کیلئے دو علیحدہ بینک اکائونٹس دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یہ انتخابی قانون کی غلط تشریح ہے کیونکہ انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی کمیٹی کااجلاس ان کی زیر صدارت ہوا، جس نے یہ قانون بنایا کہ بینک اکائونٹ انتخاب کی بنیاد پر نہ کہ ہر نشست کی بنیاد پر مطلوب ہے۔