اسلام آباد ( آن لائن ) لودھراں میں تحریک انصاف کی شکست پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ تحریک انصاف کو لودھراں کی سیٹ ملی تھی لیکن وہاں پر بھی عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا کر پی ٹی آئی کی سیاست کو مسترد کردیا۔ لودھراں میں عمران خان نے موروثی سیاست پر عمل کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے نگران وزیر اعظم کیلئے مشارت شروع کردی ہے تاہم وزیر اعظم کی طرف سے نگران وزیر اعظم کے لئے کوئی تجویز نہیں پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھے نام تجویز کریں تاکہ بہترین اور قابل اعتبار نگران وزیر اعظم نامزد کیا جاسکے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ سے میرا کوئی تعلق نہیں، نا ہی میں نے کسی کو ایک روپیہ دیا، ایم کیوایم خود سینیٹ کی لڑائی میں پڑی ہے اور یہ لڑائی پیسوں پر کی جارہی ہے جب کہ بدنام ہم ہورہے ہیں۔