پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر جنگلہ بس منصوبہ (بس ریپڈ ٹرانزٹ) میں اربوں روپے کا کمیشن لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے صوبائی اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے کمیشن کی خاطر نامکمل ڈیزائن کے باوجود ٹھیکہ دے کر پشاورکو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے ۔کرپٹ وزیر اعلیٰ اب ٹھیکیداروں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچانے کیلئے بار بارڈیزائن میں تبدیلی کررہے ہیں ، پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے، نامکمل ڈیزائن کا ٹھیکہ جرم ہے، انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے،تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر معدنیات ضیا اللہ آفریدی کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کردہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ’’ چند ماہ قبل تحریک انصاف کی نااہل حکومت کے نااہل وزیر اعلیٰ نے اربوں روپے کے کمیشن کی خاطر نامکمل ڈیزائن اور ناقص منصوبہ بندی کے باوجود جنگلہ بس( بی آر ٹی) کا ٹھیکہ میسرز، مقبول اور کالسن کو دیا گیا جس کے بعد مذکورہ ٹھیکداروں نے پوردے شہر پشاور کو اکھاڑ کر کھنڈرات میں تبدیل کردیا جس سے پشاور کے شہری شدید تکلیف اور اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔