• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدیق بلوچ نے پوری زندگی اپنی سوچ اور نظریے کی آبیاری کی ،مقررین

کوئٹہ ( آن لائن )بلوچستان کے سینئر صحافیوں اور ادیبوں نے سینئر صحافی لالہ صدیق بلوچ کی بلوچی زبان و ادب اور ان کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدیق بلوچ کے ساتھ جڑی یادوں کا بیان کرنا مشکل ہے وہ قیدوبند کی صعوبتوں اور مالی مشکلات کوخاطر میں لائے بغیر زندگی بھر ایک نظریہ اور سوچ کے ساتھ منسلک رہے کئی زبانوں پر مہارت رکھنے والے صدیق بلوچ اپنے اندر ایک درسگاہ تھے جس نے کئی صحافیوں اور نوجوانوں کی علمی پیاس بجھائی ۔ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی سلیم شاہد‘ امان اللہ شادیز ئی‘آصف بلوچ‘ ممتاز یوسف اور سنگت رفیق نے لالہ صدیق بلوچ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں کیا ۔اس موقع پر سینئر صحافی سلیم شاہد نے کہا کہ صدیق بلوچ کے ساتھ بہت پرانی یادیں وابستہ ہیں جنہیں ایک لمحہ میں بیان کرنا شاید مشکل عمل ہے انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں بھی لالا کو کبھی جیل جانے یا مرنے کا خوف نہ تھا ۔انہوں نے ہمیشہ بلوچستان کے قومی مفادات ‘ مفلوک الحال عوام کی مظلومیت کے خاتمہ اور عوام کو انصاف کی فراہمی کی جدوجہد کو اپنے قلم کی نوک پر رکھا۔انہوں نے کہا کہ جب میں امریکہ گیا تو وہاں اندازہ ہوا کہ صدیق بلوچ دنیا میں کتنے مقبول صحافی ہیں امریکی صحافی بھی صدیق بلوچ کی قلمی جدوجہد کے معترف تھے۔صدیق بلوچ کو اردو‘ انگریزی سمیت بہت سی زبانوں پر عبور حاصل تھا ۔
تازہ ترین