• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوئر دیر، ضمنی بلدیاتی الیکشن،جماعت اسلامی نے5 سیٹیں جیت کرمیدان مار لیا

تیمر گرہ،لوئر دیر(نمائند گان جنگ) لوئر دیر میں ہونے والےضمنی بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی نے برتری حاصل کرلی، دو تحصیل کونسلر ز سمیت 20نشستوں جن میں یوتھ اور جنرل نشستیں شامل تھیں کیلئے انتخابات پر امن ماحول میں ہوئے ،جس میں تحصیل کونسلر ثمر باغ کی نشست پر جماعت اسلامی کے امید واراخونزادہ عزیز الرحمٰن نے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 737ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، اے این پی کے امید وار عاقل محمد نے 390ووٹ لیکر دوسری پوزیشن ، یو سی شاہی خیل پر پی پی پی امید وار منظور احمد نے 1424ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی، جماعت اسلامی کے امید وار گل حکیم نے 1218ووٹ لیکرکامیابی حاصل کی جماعت اسلامی نے ایک تحصیل کونسلر اور 4جنرل کونسلر زسمیت 5 نشستیں لےکر میدان مار لیا ،پی پی پی نے ایک تحصیل ایک یوتھ اور ایک جنرل کونسلر سمیت 3 نشستیں، پی ٹی آ ئی نے 3 نشستیں، اے این پی نے یوتھ اور جنرل کونسلر کی 2 نشستیں، قومی وطن پارٹی نے 2 جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جمعیت علماء اسلام اور ن لیگ نے ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کی جبکہ 5 نشستوں پر عوام نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ،واضح رہے کہ لوئر دیر میں ایک ماہ قبل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کا ووٹ نہ ڈالنے پر الیکشن کمیشن نے نتائج کا لعدم قرار دیا تھا جبکہ گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات میں خواتین نے ووٹ ڈالے ،سیاسی جماعتوں کے معاہدہ کےپیش نظر انتخابات میں عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے عدم دلچسپی دیکھنے کو ملی اور ٹرن آؤٹ 5فیصد سے بھی کم رہا ،اکثر پولنگ سٹیشن ویران ر ہےاور سیاسی جماعتوں کے امیدواران نے اپنے ووٹ بھی استعمال نہیں کئے، انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشن سورانوں اور پولنگ سٹیشن شپنو کسئی پر کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا اس کے علاوہ خواتین کیلئے مختص پولنگ سٹیشن ثمرباغ میں دو خواتین نے رائے کا استعمال کیا جن میں سے ایک ووٹ مسترد جبکہ دوسرا درست قرار پایا، اس طرح رحیم آباد پولنگ سٹیشن پر بھی ایک خاتون کی جانب سے ووٹ استعمال کرنے کی اطلاعات موصول ہو ئیں ،ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے معاہدہ کے تحت انتخابات میں کامیاب ہونے والا امیدوار الیکشن کمیشن کو استعفیٰ پیش کریگا ۔ 
تازہ ترین