• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تابکاری مواد، عالمی ادارے کی ہدایت پر عمل پیرا ہیں، پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان نے کہا ہے کہ وہ تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق گائیڈ لائنز اور قواعد وضوابط پر مکمل طور پر عمل کررہا ہے ، جوہری تحفظ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق جدید ترین بین الاقوامی معیارات کو اپنا رکھا ہے، دفتر خارجہ کے مطابق جوہری توانائی ایجنسی کی سفارشات اور جدید ترین عالمی معیارات کے مطابق ایٹمی عدم پھیلاؤ، تحفظ اور سیکورٹی کیلئے تمام ضروری انتظامات کر رکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی(آئی اے ای اے) کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق گائیڈ لائنز اور قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے، پاکستان نے ایٹمی تحفظ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق جدید ترین بین الاقوامی معیارات کو اپنا رکھا ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان 2005ءسے قواعد و ضوابط پر رضاکارانہ عملدرآمد کر رہا ہے ، کوڈ کی سفارشات اور جدید ترین عالمی معیارات کے مطابق ایٹمی عدم پھیلاؤ، تحفظ اور سیکورٹی کیلئے تمام ضروری انتظامات کر رکھے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تابکار مواد کی درآمد و برآمد سے متعلق ضمنی گائیڈ لائنز کی تائید ہمارے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں سے بھی زیادہ پاکستان کا محفوظ پرامن ایٹمی پروگرام جاری ہے جبکہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستانی ماہرین نے بھی نیوکلیئر تحفظ اور سیکورٹی کے شعبوں میں عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی کے کام میں کردار ادا کیا ہے۔
تازہ ترین