• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، فیورٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلی آزمائش میںناکام، کراچی کیخلاف 19 رنز سے شکست

 دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں فیورٹ کوئٹہ کے ہاتھوں دو سال میں چار لگاتار میچ ہارنے والی کراچی کنگز کی قسمت نے آخرکار تیسرے سال ساتھ دے دیا۔ پی ایس ایل تھری کی پہلی آزمائش میں کوئٹہ کی مضبوط بیٹنگ لائن 150رنز کے ہدف کے تعاقب میں بری طرح ناکام رہی۔ عماد وسیم کی کپتانی اور ٹیم میں شاہد آفریدی کی شمولیت کا فیصلہ کام کر گیا۔ کراچی نے دو بار کی فائنلسٹ کوئٹہ کو19رنز سے ہرا کر سب کو حیران کردیا۔ کوئٹہ کی ٹیم بیس اوورز میں9 وکٹ پر130رنز بناسکی۔ کراچی نے مہم کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا۔ عماد وسیم نے19رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے اور فرنٹ سے لیڈ کیا۔ ٹائمل ملز اور عرفان جونیئر کو دو دو وکٹ ملے۔ حسان خان17رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ کراچی کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی بیٹنگ میں ناکام رہے۔ بولنگ میں انہوں نے کپتان سرفراز احمد کی پرائز وکٹ حاصل کی۔ عمر امین 31گیندوں پر 31 رنز بناکر شاہد آفریدی کے ناقابل یقین کیچ کے ذریعے آئوٹ ہوئے۔ عرفان جونیئر کی گیند پر شاہد کے کیچ نے بازی پلٹ دی۔ شاہد آفریدی نے چار اوورز میں 28رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد نواز اور حسان خان نے43 رنز کی شراکت قائم کی۔ کوئٹہ کی ٹیم جب37 رنز کی دوری پر تھی۔ محمد نواز20 گیندوں پر30 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن ہوا۔ اننگز کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا تاہم 4 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ گئے۔ کیون پیٹرسن بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 22 رنز بنائے تھے۔ رائیلی روسو نویں اوور میں 45رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے۔ انور علی بیٹنگ میں جوہر نہ دکھا سکے۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا ۔ شین واٹسن نے آخری اوورمیں تین وکٹ حاصل کرکے کراچی کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جوئے ڈینلی اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا۔ کراچی کی اننگز میں کولن انگرم 41رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے21 گیندیں کھیلتے ہوئے دو چھکے اور پانچ چوکے مارے۔ اوپنر خرم منظور نے39 گیندوں پر35 رنز اسکور کئے۔ روی بوپارا نے 18گیندوں پر 24رنز بنائے۔ اوپننگ بیٹسمین نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ پر 34 رنز بنائے۔ جوئے ڈینلی 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 57رنز کے مجموعے پر بابر اعظم 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ 83رنز پر خرم منظور 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ خرم منظور کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرم اور روی بوپارا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 131 رنز تک پہنچایا تو کولن انگرام آؤٹ ہوگئے۔138 کے مجموعے پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 2 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی 8 گیندوں پر 4 رنز بنا کر شین واٹسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر شین واٹسن نے عرفان خان جونیئر بھی کیچ کرادیا۔ محمد رضوان نے آخری اوور کی تیسری گیند پر واٹسن کو چوکا لگایا جب کہ اگلی ہی گیند پر واٹسن نے انہیں کاٹ بی ہائینڈکرا دیا۔ شین واٹسن نے22رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ جوفرا آرچر نے30اور انور علی نے32رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ 
تازہ ترین