راولپنڈی، اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، خبر نگار) ہائی کورٹ بار راولپنڈی اور اسلام آبادکے انتخابات آج ہو نگے۔ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ آج صبح 9سے شام 5بجے تک ہو گی ، الیکشن کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہائی کورٹ بار میں ہوا۔جس میں ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ عابد رضوان عابد ،سٹی پولیس افسر راولپنڈی اسرار عباسی اورسابق نائب صدر چوہدری بلال رضا نے شرکت کی۔اجلاس میں پولنگ کے روز سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے،پولنگ کے روز جی ٹی روڈ پر پارکنگ کے بعد شٹل سروس کے ذریعے وکلاءکو بار تک پہنچایا جائے گا ۔ پارکنگ کے بعد وکلا کی باڈی سرچ کی جائے گی پھر عمارت تک لے جایا جائے گا ۔ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ پولنگ کے دوران ایک گھنٹے کے وقفہ کو بھی ختم کردیاگیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 2018-19ء بھی آج ہفتہ کو ہوں گے۔ 1737 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ صبح 9بجے سے دن ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد شام چار بجے تک ہو گی۔ صدارت ، جنرل سیکرٹری ، نائب صدر اور فنانس سیکرٹری کی نشستوں کے لئے 3 ، 3 امیدوار سامنے آئے ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔ لائبریری سیکرٹری اور ایگزیکٹو باڈی کے سات ممبران بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ صدارت کے لئے میر افضل ملک ، راجہ شفقت خان عباسی اور سید جاوید اکبر کے مابین مقابلہ ہوگا ، نائب صدر کے لئے اختر محمود، جی ایم چوہدری اور شوکت محمود مد مقابل ہوں گے ، جنرل سیکرٹری کے لئے علی مراد بلوچ ، راجہ فیصل یونس اور رانا عابد نذیر خان آمنے سامنے ہوں گے ، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر خاتون وکیل کلثوم اختر کا مقابلہ محمد آصف گوندل سے ہوگا ، فنانس سیکرٹری کے لئے رئیس عبدالواحد ، راجہ شیراز احمد جنجوعہ اور ریاض حسین اعظم میدان میں ہیں ، لائبریری سیکرٹری عبدالشکور پراچہ بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ادھر سات ممبر ایگزیکٹو باڈی پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔