پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سرکاری افسروں کے احتجاج میں شہباز شریف ملوث ہے، حکومت کو چاہیے تھا کہ احد چیمہ کو شو کاز نوٹس جاری کرتی۔
لاہور لیٹرری فیسٹول میں آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری پر احتجاج پنجاب حکومت خودکروارہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری افسروں کے احتجاج میں شہباز شریف ملوث ہیں۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ ریاست کے خلاف بغاوت ہے جس میں وفاقی حکومت بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے تو یہ تھا کہ احد چیمہ کو شو کاز نوٹس جاری کرتی، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ صرف لاڈلے نہیں بلکہ بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کو جج جسٹس قیوم جیسا اور بیوروکریٹ احد چیمہ جیسا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جو حکومت آئے گی وہ ان بیورو کریٹس کو گرفتار بھی کرے گی اور شو کاز بھی دے گی۔