• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میںعدم شرکت، نجم سیٹھی، ہاکی اور فٹ بال حکام کو نوٹس جاری کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے قائم سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حکام کو کمیٹی میں طلب کرنے کے باوجود شرکت نہ کرنے پر معاملہ استحقاق کمیٹی میں لیکر جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے احتجاجا اجلاس ملتوی کر دیا، کمیٹی نے اجلاس میں عدم شرکت پر نجم سیٹھی، ہاکی اور فٹبال فیڈریشن کے ذمہ داران کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ کر لیا جبکہ کمیٹی کے کنوینئر اشوک کمار کا کہنا تھا کہ ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ کمیٹی انتظار کریں اور اسپورٹس فیڈریشنز کے نمائندے نہ آئے۔ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنوینئر اشوک کمار کی صدارت میں شروع ہوا تو وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت کمیٹی اجلا س میں طلب کئے جانیوالے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حکام میں سے کسی نے شرکت نہ کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ٹیپو محبت خان ا ور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے تاخیر سے سے پہنچنے پر معذرت کی۔ کنویئنر اشوک کمار نے وزارت سے بریفنگ لینے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اجلاس احتجاجاً ملتوی کر دیا ۔ کمیٹی رکن سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ نجم سیٹھی اورسپورٹس فیڈریشنز کا سی سی آئی اجلاس سے کیا تعلق ہے، کمیٹی اجلاس میں طلبی کے باوجود نہ آنے پر سب کو نوٹس جاری کیا جائے، انہوں نے کہاکہ اسپورٹس فیڈریشنز کو لوگوں نے ذاتی جاگیر بنا لیا ہے۔کمیٹی کے کنوئینر نے کہاکہ فٹبال فیڈریشن اور کرکٹ بورڈ سے کرپشن کے معاملے پر پوچھ گچھ ہونے پر متعلقہ حکام نہیں آئے۔
تازہ ترین