اسلام آباد(رپورٹ:خالد مصطفیٰ) سی آئی ایچ سی پاک پاور کمپنی نے گوادر کول پاور پلانٹ کے لئے 30سال تک 8.9روپے فی یونٹ ٹیرف مانگا ہے۔ ٹیرف کے مطابق اس کا حیران کن حصہ یہ ہے کہ قرضوں کی ادائیگی، انکم ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس، کارپوریٹ ٹیکس، کارکنوں کے بہبود فنڈ کے لئے ادائیگی، منافع پرزکوٰۃ کٹوتی صارفین سے ہوگی۔ 300میگا واٹ کول پاور پلانٹ کے لئے پاک پاور کمپنی نے نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے۔ پروجیکٹ کا انٹرنل ریٹ آف ریٹرن (آئی آر آر) 17فیصد ہوگا۔ یہ منصوبہ 54کروڑ23 لاکھ20ہزار ڈالرز سے30ماہ میں مکمل ہوگا۔ اس وقت پورے گوادر کا بجلی کے لئے دارومدار ایران سے درآمد 70میگا واٹ بجلی پر ہے۔ جس میں سے14میگا واٹ بجلی گوادر کی بندرگاہ کو فراہم کی جاتی ہے۔ باقی56میگا واٹ بجلی مکران کے ساحلی علاقوں کے مصرف میں ہے۔ کول پاور پلانٹ کے لئے207ایکڑ اراضی50لاکھ ڈالرز کے عوض حاصل کی جائے گی۔