راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) روزنامہ جنگ راولپنڈی کے سینئر صحافی حنیف خالد کے بیٹے سے موٹر سائیکل سواروں نے کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں گن پوائنٹ پر قیمتی موبائل فون چھین لیا۔ بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد لاہور کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر شہزاد خالد نے بتایا کہ منگل کی رات تھانہ نیو ٹائون کے علاقہ کمرشل مارکیٹ کے قریب واقع راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر کے کلینک میں انہوں نے اپنی فیملی کا چیک اپ کرایا جس کے بعد وہ گھر جانے کےلئے کلینک کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے موبائل فون پر بات کررہے تھے کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نا معلوم افراد وہاںآ گئے اور ان میں سے ایک شخص نے ان پر پستول تان کر موبائل چھین لیا اورموٹر سائیکل پر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر کے کلینک کی سامنے والی گلی میں فرار ہو گئے اس کے چند سیکنڈ بعد ہی تیسرا موٹر سائیکل سوار آیا اور پروفیسر ڈاکٹر شہزاد خالد سے استفسار کیا کہ کیا ہوا، موبائل فون چھین کر لے گئے ہیں جو موبائل چھیننے والے دو موٹر سائیکل سواروں کا حصہ دار معلوم ہوتا تھا۔ پھر وہ موبائل چھین کر فرار ہونے والے ملزموں کے پیچھے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتا ہوا نکل گیا۔ اس واقع کی جنگ کے کرائم رپورٹر نے پولیس کو پندرہ منٹ کے اندر اطلاع دیدی۔