لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ،طبقاتی اور استحصالی نظام تعلیم بیروزگاروں کی فوج تیار کررہاہے، 2کروڑ بچے اسکولوں سے باہر،تعلیم کےبغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان تعلیمی میدان میں اس لیے پیچھے ہے کہ یہاں کسی حکومت نے بھی تعلیم کی طرف توجہ نہیں دی ۔ دو کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ورکشاپوں، ہوٹلوں اور سائیکل کی دکانوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں ۔ حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ سڑکیں او ر پل بنا کر ملک کو ترقی دے رہے ہیں ۔ عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار دیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ ملک میں طبقاتی اور استحصالی نظام تعلیم بے روزگار نوجوانوں کی فوج ظفر موج تیار کررہاہے ۔ پڑھا لکھا پنجاب ، خیبر پختونخوا ، سندھ کے بجائے پڑھا لکھا پاکستان کا ماٹو اختیار کیا جائے۔ خواتین کے لیے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ خواتین کے حقوق کا راگ الاپنے والے خواتین کے تعلیمی اداروں کی طرف کیوں دھیان نہیں دیتے ۔