• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتار انسپکٹر آصف عثمان عادی جرائم پیشہ ہے، پولیس ذرائع

Detained Inspector Asif Usman Is A Hardened Criminal Police Sources

اغوا برائے تاوان اور قتل میں گرفتار سی ٹی ڈی انسپکٹر آصف عثمان کے متعلق یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ عادی جرائم پیشہ ہے۔

اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف عثمان پر شہری کو اغوا کرکے سی ٹی ڈی دفتر میں حبس بےجا میں رکھنے کا الزام تھا۔

پولیس انسپکٹر نے اغوا کیے گئے شہری کے اہل خانہ سے بھاری رقم طلب کی تھی، پولیس افسران کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع کر دیا گیا جبکہ محض محکمانہ انکوائری ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق آصف عثمان کو گزشتہ برس شہری کے اغوا پر پولیس ملازمت سے ڈسمس کر دیا گیا تھا، بااثر پولیس انسپکٹر کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے چند ہفتے قبل بحال کردیا تھا، بحالی کے بعد اس افسر کو دوبارہ سی ٹی ڈی میں ڈیوٹی کے لیے بھیج دیا گیا۔

پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم پولیس انسپکٹر آصف عثمان کا ایک بھائی کراچی میں ایس ایس پی ٹریفک ہے، جبکہ اس کا دوسرا بھائی پولیس کے اینٹی کار لفٹنگ سیل میں تعینات ہے ،اغوا برائے تاوان کی اس واردات کے بعد ملزم پراسرار طور پر روپوش تھا۔

واضح رہے کہ پولیس نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسر آصف عثمان کو نوجوان اظفر صدیقی کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا ہے جبکہ مقتول کی لاش بھی برآمد کرلی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے ایک میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے داماد اظفر صدیقی کو گزشتہ برس، 5 اپریل کو جھانسہ دے کر اغواء کیا گیا تھا،اغوا اور قتل کی واردات میں انسپکٹر آصف عثمان کے علاوہ مقتول کا دوست علی بھی ملوث ہے۔

تازہ ترین