شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)ملتان سلطانز کےلیگ اسپنر عمران طاہر نے پاکستان سپرلیگ میں ایک اورہیٹ ٹرک کرتے ہوئےگذشتہ دو ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن تباہی سے دوچار کردیا۔ملتان سلطانز نےکوئٹہ کے خلاف میچ نو وکٹ سے جیت لیا اورتیسری کامیابی حاصل کر لی۔صہیب مقصود نے سرفراز احمد کو چھکا مارکر ملتان کو فتح دلوادی۔تجربہ کار کمار سنگا کارا نےٹورنامنٹ میں تیسری نصف سنچری بنائی۔سنگا کارا51رنز44گیندوں پر بنائے۔ان کی اننگز میںایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔صہیب مقصود21گیندوں پر26رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ملتان نے بیس گیندیں پہلے ہدف عبور کر لیا۔عمران طاہر کے تباہ کن اسپیل کے باعث کوئٹہ 102کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بیٹسمین ذمے داری کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ملتان کے اوپنرز احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا نے اپنی ٹیم کو66رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دے کر میچ کو یکطرفہ بنادیا۔احمد شہزاد27رنزبناکر حسان خان کی گیند پر کیچ ہوئے۔عمران طاہر نے صرف16گیندوں پر19رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں حسان خان،ہیسٹنگز اور راحت علی کی وکٹیں حاصل کی۔اس سے قبل جنید خان نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔جبکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں یہ تیسر ی ہیٹ ٹرک تھی۔کوئٹہ کی ٹیم نے مایوس کن انداز میں آخری چھ وکٹ دس رنز اور19گیندوں پر گنوادیئے۔ٹور نامنٹ کے اب تک کے بہترین بولر عمران طاہر نے جب اپنا تیسرا اوور شروع کیا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے ہی کافی مشکلات کا شکار تھی جب سہیل تنویر کی تین وکٹوں کی بدولت 15 اوورز میں ان کے 100 رنز پر سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔عمران طاہر نے پہلے حسان خان، پھر انور علی کو چکمہ دے کر بولڈ کیا اور راحت علی کو ایل بی ڈبلیو کر کے پی ایس ایل تھری کی دوسری ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری پانچ وکٹیں سات گیندوں پر صرف ایک رن کے عوض گر گئیں۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اپنی ٹیم کو محفوظ ا سکور تک لے جانے کی تگ و دو میں مصروف تھے اور انھوں نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے۔ محمود اللہ کے ساتھ انھوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 23 رنز جوڑے اور ایک وقت لگ رہا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم ایک مناسب ہدف دینے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن سہیل تنویر اور عمران طاہر نے ان امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے ان دونوں بولرز کے علاوہ جنید خان نے دو جبکہ عرفان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ کی ٹیم پانچ میچوں میں تیسری شکست سے دوچار ہوئی ہے۔