راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سماج دشمن عناصر کیخلاف جاری کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے راولپنڈی پولیس نے 12اسلحہ و منشیات فروشوں‘ ہوٹل پر چھاپہ مار کر بداخلاقی کے الزام میں ایک مرد اور عورت کو گرفتار کر لیا جبکہ ڈکیتی کی گھات لگائے بیٹھے 6ملزمان کو قابو کر کے ان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار کئے گئے 12سماج دشمن عناصر کے قبضہ سے 260گرام چرس، 15لٹر کھلی شراب، 5بوتل شراب، ایک پستول 30بور اور ایک نائن ایم ایم پستول معہ 3روند برآمد کر کے ملزموں کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ تھانہ نیو ٹائون پولیس نے عثمان سے 260گرام چرس، تھانہ گنجمنڈی پولیس نے بلال سے 5لٹر کھلی شراب، وقار سے 5لٹر کھلی شراب، تھانہ کینٹ پولیس نے شاہد سے 5لٹر کھلی شراب، تھانہ سول لائن پولیس نے ظل محمد، حسین، بلال اور ولید سے 5بوتل شراب، تھانہ کہوٹہ پولیس نے نفیس سے ایک عدد پستول تیس بور‘ تھانہ وارث خان پولیس نے سلیمان سے پستول نائن ایم ایم معہ تین روند‘ علی سے ایک پتنگ معہ ایک ڈور جبکہ کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر تھانہ گنجمنڈی پولیس نے سیف الرحمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پیرودھائی پولیس نے بداخلاقی کے الزام میں ایک مردوعورت کو گرفتار کر لیا۔ سب انسپکٹر محمد حیات خان نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر برف خانہ والی گلی میں فردوس ہوٹل پر ریڈ کیا جہاں مالک ہوٹل سرفراز‘ سراج محمد اور (ش ن) کی آپس میں حرام کاری کیلئے سودے بازی کرا رہا تھا۔ سراج اور شاہدہ کو قابو کر لیا جب کہ سرفراز بھاگ گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ادہر راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی کی گھات لگائے بیٹھے6 ملزموں کو قابو کر کے اُن سے وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ بر آمد کر لیا۔ تھانہ وارث خان پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند اشخاص ڈکیتی کی نیت سے موتی محل کے قریب موجود ہیں جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے6 ملزموں عثمان، بلال، نزاکت، سفیر، حمزہ مسلح پستول 30بور معہ 4روند، احتشام مسلح پستول 30بور معہ 3روند برآمد کر کے ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرلئے۔ ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔