• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آئندہ ماہ بین الاقوامی معیار کی کراچی حیدرآباد موٹر وے کا افتتاح کرینگے

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آئندہ ماہ کراچی حیدرآباد 136کلومیٹر طویل بین الاقوامی معیار کی موٹر وے کا افتتاح کرینگے۔ صوبہ سندھ میں یہ پہلی موٹر وے ہو گی جو فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بنوائی ہے۔ اس پر 36ارب روپے لاگت آئی ہے۔ اس کا سنگ بنیاد مارچ 2015ء میں اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے رکھا تھا۔ 6لین موٹر وے پر متعدد انٹرچینج‘ ریسٹ ایریاز تعمیر کئے گئے ہیں اور ایک بہت بڑا ٹراما سنٹر بھی بنایا گیا ہے جہاں ہر وقت ڈاکٹرز‘ سرجن حادثات کا شکار ہونے والوں کو مکمل طبی امداد مہیا کیا کرینگے۔ چھ لین موٹر وے کے دونوں طرف دو دو لین کی سروس روڈ بنائی گئی ہے تاکہ 136کلومیٹر طویل ایریا کے دونوں جانب کی آبادی کو سفر کرنے میں دشواری پیش نہ آئے۔ اس موٹر وے کا کنٹرول موٹر وے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹر وے پولیس نے اسکے ستر کلومیٹر حصے پر پٹرولنگ شروع کر دی ہے جسے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ سال مارچ میں ٹریفک کیلئے کھولا تھا۔ ریسٹ ایریا میں مسجد‘ ٹک شاپ‘ گیس اسٹیشن‘ آٹوز ورکشاپ‘ واش روم اور دوسری تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے این ایچ اے اور اسکے ذریعے ایف ڈبلیو او کو ہدایات دیدی ہیں کہ وہ رواں مہینے کے آخری ہفتے تک تمام ضروری کام مکمل کر لیں جس میں سائن بورڈز‘ ایمرجنسی ٹیلیفون سسٹم بھی شامل ہو۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کراچی حیدرآباد موٹر وے افتتاح کیلئے مکمل کر لی جائیگی۔
تازہ ترین