لاہور(نمائند ہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے اور الطاف حسین پر میڈیا پر پابندی کے خلاف الطاف حسین کی درخواستوں پر کارروائی 23فروری تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز ہائیکورٹ کے سابق جج امیر عالم خان کے انتقال کی وجہ سے ان درخواستوں پر کارروائی نہ ہو سکی ،دریں اثناء الطاف حسین کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کے لیئے رجوع کرنے والے درخواست گزاروں کی طرف سے ایک متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے رہنماء عدلیہ کے خلاف بیان بازی سے باز نہیں آئے ،درخواست میں ڈاکٹر فاروق ستار کے بعض بیانات کا حوالہ بھی دیا گیا ۔