راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس کوافسروں کی کمی کاسامنا ہے، ایس پی کی تین اورڈی ایس پیزکی دس سیٹیں خالی ہیں۔ پولیس آرڈر2002کے تحت راولپنڈی ضلع کوپولیس کے انتظامی معاملات چلانے کے لئے راول ، پوٹھوہار اور صدرتین ڈویژنوں میں تقسیم کرکے ہرڈویژن کاسربراہ ایس پی کے عہدے کے افسرکومقررکیاگیاتھا اوریہ سیٹ اپ تاحال قائم ہے اوراس وقت صورت حال یہ ہے کہ ایس پی راول اورایس پی صدرکی دونوں ایم سیٹیں خالی ہیں ایس پی راول بہرام خان کوتھانہ سٹی کے علاقے میں ڈورسے ایک شخص کے زخمی ہونے پرسنٹرل پولیس آفس لاہورکلوزکردیاگیاتھا،جس کے بعدسے اب تک اس پوسٹ پرکسی اورایس پی کی پوسٹنگ نہیں ہوئی۔ ابھی چندروزقبل ایس ایس پی آپریشنزمحمدبن اشرف کوایس پی راول کااضافی چارج دیاگیاہے جبکہ گذشتہ روزایس پی صدرڈویژن افتخارالحق بھی اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائرہوگئے ہیں اس طرح یہ سیٹ بھی خالی ہوگئی ہے ایس پی صدرڈویژن کااضافی چارج ایس پی سیکورٹی سیدبہارشاہ کودے دیاگیاہے اس کے علاوہ راولپنڈی میں ایس پی ہیڈکوارٹرز،ڈی ایس پی آرگنائزڈکرائم ون ،ڈی ایس پی سی آراو،ڈی ایس پی وی وی آئی پی سیکورٹی ون ،ڈی ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی ٹو،ڈی ایس پی وی وی آئی پی سیکورٹی تھری ،ڈی ایس پی ایڈمن ،ڈی ایس پی سکیورٹی ،ڈی ایس پی لیگل ون ،ڈی ایس پی لیگل تھری اورڈی ایس پی ایم ٹی پولیس لائنزکی سیٹیں بھی خالی ہیں۔امن وامان کی صورت حال کے پیش نظرضرورت اس امرکی ہے کہ ان تمام سیٹوں پرفوری طورپرافسران کی تعیناتی کی جائے۔