• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں اور تاجروں کو مشکلات

سکھر +پڈعیدن(بیورو رپورٹ/نامہ نگار ) سیپکو انتظامیہ کی جانب سے شہر کے اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری و تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ 10سے 12گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے کاروباری سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی سیپکو انتظامیہ کی جانب سے فنی خرابی سمیت دیگر جواز بناکر شہر کے مختلف علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوؤں کے برعکس شہر کے اہم ترین کاروباری و رہائشی علاقوں مینارہ روڈ، لوکل بورڈ، نیم کی چاڑی، بیراج روڈ، طارق روڈ، باغ حیات علی شاہ، مارچ بازار، نشتر روڈ، لیاقت چوک، میانی روڈ، میڈیسن مارکیٹ، نصرت کالونی نمبر 4، شالیمار روڈ، نواں گوٹھ، نیوپنڈ، ریجنٹ سنیما، والس روڈ، کوئنس روڈ سمیت دیگر میں اچانک بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے، شہر کے متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں پر صبح 6بجے بند کی جانیوالی بجلی کی سپلائی شام کو 4بجے کے بعد بحال کی جارہی ہے۔ گنجان آبادی والے علاقوں میں 10گھنٹے تک بجلی بندرہنے سے گھروں میں رہائش پذیر خواتین، بچے اور ضعیف العمر افراد شدید پریشانی سے دوچار نظر آئے، خواتین کو کھانا پکانے، کپڑے و برتن دھونے سمیت دیگر امور خانہ داری کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں و تاجروں کی جانب سے شکایات مراکز پر رابطہ کرکے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا سبب معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تو وہاں پر تعینات اہلکار معقول جواب دینے کے بجائے جلد بجلی آنے کا کہہ کر ٹال مٹول سے کام لیتے رہے۔ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہے، تاجر حضرات دن بھر بجلی آنے کا انتظار کرتے رہے، متعدد دکانداروں کی جانب سے جنریٹرز، یو پی ایس کا استعمال کیا جارہا ہے تاہم طویل بندش کے سبب وہ بھی جواب دے جاتے ہیں۔ پریشان حال شہریوں و تاجروں کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر پانی و بجلی و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر ملوث سیپکو کے افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کراکر عوام کوریلیف فراہم کیا جائے۔پڈعیدن سے نامہ نگار کے مطابق مختلف علاقوں دریا خان مری،پکا چانگ،کوٹ لالو،کرونڈی سمیت دیگر علاقوں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف پڈعیدن سیپکو سب ڈویژن کے ایس ڈی او ندیم احمد جوکھیو،لائن سپرنٹنڈنٹ بشیر احمد کیریو، طالب حسین منگریو ،شاہد آرائیں،غلام شبیر،محمد یونس راجپر،ذوالفقار سولنگی دیگر کی قیادت میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر کے 30 گوٹھوں شیر پنجابی،گوٹھ پیارو مری اور دیگر میں 200 سے زائد بجلی کنکشن منقطع کردیئے جبکہ پڈعیدن کی تاج کالونی،انار کلی مارکیٹ ،ریشم گلی ۔شاہی بازار،پھل لنک روڈ محلہ،تاج کالونی،بران مری،نصرت کینال کالونی سمیت دیگر علاقوں گوٹھوں میں آپریشن کرکے سیکڑوں کنکشن منقطع کردیئے۔آپریشن کے دوران 3لاکھ روپے بلوں کی مد میں ریکوری کی گئی ۔سیپکو پڈعیدن کے ایس ڈی او ندیم احمد جوکھیو نے کہاکہ جن علاقوں میں آپریشن کیا گیا ان گوٹھوں کی جانب 2 کروڑ روپے سیپکو کے واجب الادا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ روز کی بنیاد پر آپریشن کیا جائیگا ایس ڈی او نےنادہندگان کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی بل اور بقایاجات فوری طور پر ادا کئے جائیں بصورت دیگر بلوں کی عدم ادائیگی پر ان کی بجلی منقطع کی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ کسی صورت بجلی چوری برداشت نہیں کی جائیگی ۔  
تازہ ترین