آکسفورڈ(جنگ نیوز)آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کی تنظیم آکسفورڈ یونیورسٹی پاکستانی سوسائٹی کے زیراہتمام پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی اسد قیصر اور ڈاکٹر حیدر علی خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے، ہم اپنی نسل کو دہشت گردی کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردوں کا اصل مقصد ہماری آنے والی نسل کو تعلیم کی روشنی سے محروم کرنا ہے جس میں وہ تاقیامت کامیاب نہیں ہوپائیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حیدر علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اپنی بقا کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک افغان بارڈر لائن کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ جب تک بارڈر لائن بند نہیں ہوگی صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام غیر محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب سیاسی جماعتوں اور پاکستان کے عوام متحد ہو کر دہشت گردی جیسے ناسور پر قابو پالیں گے۔ تقریب کے اختتام پر باچا خان یونیورسٹی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔