راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) میٹرو بس پراجیکٹ لاہور اور ملتان کے بعد پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی اسلام آباد کے حوالے سے بھی گھپلوں کی چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایک الزام لگایا گیا ہے کہ منصوبے کیلئے دو ارب 26کروڑ روپے کا تعمیراتی سامان غیر ضروری خریدا گیا۔میٹرو منصوبہ کیلئے اراضی غیر قانونی قابضین سے چھڑانے کیلئے 39کروڑ جبکہ 27کروڑ روپے بسوں کے حوالے سے لگائے گئے۔منصوبہ تاخیر سے بیس ماہ میں مکمل کیا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے جنرل منیجر عزیر شاہ سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔پاکستان میٹرو بس اتھارٹی راولپنڈی اسلام آباد کی منیجر آپریشنز مس شمائلہ نے کہا کہ اس بارے آر ڈی اے والے ہی کچھ بتا سکتے ہیں۔جبکہ ایک اعلٰی سرکاری ذریعے کے مطابق آڈٹ رپورٹس میں ایسی کسی بات کا ذکر نہیں ہے۔افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔میٹرو کے معاملات کے حوالے سے ذمہ دار چیف انجینئر اطہر بخاری آنکھوں کے علاج معالجے کے باعث رخصت پرہیں۔